فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے اولڈ ایج ہوم کا دورہ کیا اور وہاں مقیم بزرگ مرد وخواتین میں گرم ملبوسات کے تحائف تقسیم کئے۔انہوں نے بزرگوں کی خیریت دریافت کرکے ان سے سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے بزرگوں کے ہمراہ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ڈپٹی کمشنر نے اولڈ ایج ہوم کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بزرگ افراد کے کھانے پینے سمیت ان کے قیام کے بہترین انتظامات میں کسی موقع پر کمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو ناچاقیوں کے باعث اولڈ ایج ہوم منتقل ہونے والے بزرگوں کو کسی لمحہ بھی احساس محرومی نہیں ہونا چاہیے اور ان کے لئے ادارہ میں فیملی جیسا ماحول دستیاب رکھیں۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ بزرگوں کی عزت واحترام میں کمی نہ آنے دیں اور گھروں میں ان کو مقام دیں تاکہ وہ افسردہ نہ ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بزرگوں کو ان کی دلچسپی کے مطابق مختلف فنون سکھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔