فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر سلوت سعید شہریوں کو شہر میں معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے متحرک ہوگئیں۔انہوں نے جامع انداز میں انٹراسٹی ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔روٹس کے تعین اوردیگر انتظامی امور کے لئے ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن،اے ڈی سی جی،سیکرٹری آرٹی اے اور ایڈمنسٹریٹر فٹس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی جو انٹراسٹی ٹرانسپورٹ سروس کے لئے پلان ایک ہفتہ میں پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سفر کی محفوظ ، آرام دہ اور سہل سروس کی فراہمی ٹارگٹ ہے۔فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصورخان نیازی نے فٹس کے انتظامی،مالیاتی امور پر بریفنگ دی اور بتایا کہ تاحال اربن ٹرانسپورٹ کی 11 روٹس پر 555 وہیکلزسروسز فراہم کررہی ہیں۔سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل میں انٹراسٹی سروس کے لئے پانچ بیز موجود ہیں۔انہوں نے فیوچر ڈویلپمنٹ پلان پر بھی بریفنگ دی۔شہر میں انٹراسٹی ٹرانسپورٹ سروس نہ ہونے پر کمشنر کی طرف سے شدیدتشویش کا اظہار کیا گیااور انہوں نے سیکرٹری آرٹی اے سے انٹراسٹی پلان دریافت کیا۔کمشنر نے کہا کہ خواہشمندٹرانسپورٹرز کو پیشکش دیں کیونکہ ایک اندازے کے مطابق شہرمیں 250 بڑی بسوں اور 1000ہائی ایس گاڑیوں سے مسافروں کو سہولت دینے کی گنجائش موجودہے۔سٹی ٹرمینل اور جنرل بس سٹینڈ سے انٹراسٹی ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام بہتر بنائیں۔سیکرٹری آرٹی اے غیر قانونی اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور کارروائی رپورٹ سے آئندہ اجلاس میں آگاہ کریں۔