فیصل آباد 13ستمبر (حمزہ اکرم ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین سیلاب کی تباہی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں زراعت اور لائیوسٹاک کی بحالی کیلئے تحقیقات کی روشنی میں حکمت عملی کریں گے۔زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ان باتوں کا اظہار ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے زرعی سائنسدانوں کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پیدا ہونے والے حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے تحقیقات عمل میں لائیں تاکہ زراعت کی بحالی اور کھربوں روپے کی زرعی اجناس کے نقصان کی وجہ سے پیدا ہونے والے غذائی عدم استحکام سے نبرد آزما ہوا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے ماہرین متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت کو سفارشات کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی دہلیز تک جدید ٹیکنالوجی اور بیج کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد لائیو سٹاک میں پیدا ہونے والی مختلف بیماریاں اور ان کی صحت کی بحالی کیلئے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو سولر چولہوں کی فراہمی کیلئے تخمینہ جاتی رپورٹ تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریکٹروں کی مرمت اور زمین کی دوبارہ تیاری کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔اس موقع پر پرنسپل آفیسر پی آر پی نے بطور کنوینر سینیٹ کمیٹی ڈاکٹر جلال عارف نے 21ستمبر کو ہونے والی سینیٹ کی میٹنگ کے انتظامات کے حوالے بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر ندیم عباس اور ڈاکٹر خالد بشیر نے اس سال ہونے والے داخلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔