فیصل آباد (ایف ٹی وی ) وزیر اعلی پنجاب نے فیصل آباد میں نئے ائیرپورٹ کی تعمیر کے لئے 400 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ ائیرپورٹ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک ) کے اکنامک زونز سے ملحق اراضی پر قائم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اشتراک سے فیڈمک سنٹر آف ایکسلینس تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے فیڈمک کے اکنامک زونز سے ایم تھری موٹروے تک تیزرفتار رسائی کے لئے ساہیانوالہ تاجڑانوالہ تک سڑک کی تعمیر کی بھی منظوری دیدی ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی اور ان منصوبوں کی منظوری پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عالمی سرمایہ کاروں کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے حوالے سے انتہائی معاون ثابت ہوں گے۔