فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد نے پیپلزکالونی ڈویژن میں بجلی کی لائنوں کی دیکھ بھال اورمرمت کے کام کیلئے حاصل کردہ شٹ ڈاؤن کے دوران کام کی رفتار اورمعیار چیک کرنے کیلئے ڈی گراؤنڈ اور ہریانوالہ چوک سائیٹ کا اچانک دورہ کیا۔ انھوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ صارفین کی سہولت کے پیش نظر بجلی کی بندش کا دورانیہ حتی الواسع کم سے کم رکھیں اور صارفین کو ہر ممکن ذرائع سے بجلی بندش سے مطلع رکھیں۔ انھوں نے برقی لائنوں سے ٹکرانے والے درختوں کی چھانٹی کرنے اور پرانی تاروں کو تبدیل کرنے کے احکاما ت بھی دیئے اور سٹاف کو سیفٹی کوملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کام کی ہدایت کی۔ پیپلز کالونی ڈویژن کے ایگزیکٹو انجنئیر زبدۃ الضیاء نے چیف ایگزیکٹو کو بتایا کہ ڈویژن کی پانچ گینگز شٹ ڈاؤن کے دوران لائنوں پر کام کر رہی ہیں تاکہ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انھوں نے بتایا کہ شٹ ڈاؤن ڈی گراؤنڈ اورخضرا فیڈر پر حاصل کیا گیا ہے۔ مزید دو شٹ ڈاؤنز لے کر اس علاقے کی برقی لائنوں کے نیچے آنیوالے درختوں کی چھانٹی اور ٹیڑھے اور خراب پول، تاروں کی تبدیلی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر چیف انجنئیر آپریشن غلام فاروق اور قائم مقام ایس ای سیکنڈ سرکل راؤمحمد علی بھی موقع پر موجود تھے۔