ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن پیپلز کالونی میں داخل
فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن پیپلز کالونی پہنچ گیا۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے مختلف محکموں کے افسران کے ہمرہ آپریشن کی نگرانی کی۔وارث پورہ،پیپلز کالونی نمبر 2،محمدی چوک ودیگر علاقوں میں پختہ تجاوزات گرادی گئیں۔60 فٹ روڈ پختہ تجاوزات کے باعث 30 فٹ کی گلی بناہواتھا۔اس موقع پر پختہ تھڑے،غیر قانونی کارپارک ایریاودیگر دکانیں وریڑھیاں ہٹواکر سامان ضبط کرلیا گیا۔صابریہ سراجیہ سکول کے باہر قائم تمام تجا و ز ا ت بھی ختم کرادی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں کمرشل مارکیٹوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے آئندہ ہفتہ سے رہائشی علاقوں میں بنی تجاوزات کا صفایا کرایا جائے گا۔رہائشی علاقوں کے مکین 7 دن میں تجاوزات خود ہٹالیں بصورت دیگرمشینری کی مدد سے تجاوزات گرادی جائیں گی۔ سی او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو کے علاوہ پھاٹا،پی ایچ اے،ایف ڈبلیو ایم سی کے افسران بھی گرینڈ آپریشن میں شریک تھے۔تجاوزات کے خلاف آپریشن تحصیل لیول پر بھی شروع کیا جائے گا۔شہریوں کے مختلف وفود نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن پر ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔