فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی ) ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقدہواجس کی صدارت صوبائی وزیر کالونیز وکلچر میاں خیال احمد کاسترو نے کی۔معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ملک عمرفاروق،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایس ایس پی اپریشنز محمدافضل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم پرویز، اسسٹنٹ کمشنرصدر عمرمقبول اور دیگر افسران کے علاوہ مولانا محمد یوسف انور،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،پیر فیض رسول رضوی،مولانامحمد ریاض کھرل،مفتی محمد ضیاء مدنی،سید جعفر نقوی،یسین ظفر،افتخار نقوی،عبدالرشید،سیدتجمل حسین زیدی،ڈاکٹر ممتاز حسین،بشپ آف فیصل آباد بشپ اندریاس،فادر ایمرک جوزف،فادرروبن جیمز اوراقلیتی برادری کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر کالونیز وکلچر نے ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع میں امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی کی مثالی فضاء کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں کمیٹی کے ارکان کی بھر پور معاونت کو سراہا اور کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پائیدار امن کی ضمانت ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ان کے پیروکاروں کا جذبہ امن لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بین المذاہب اتحاد و اتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے علماء کرام کا کردار مسلمہ حقیقت ہے جن کے تعاون،تجاویز اور رہنمائی سے مذہبی تقریبات کے مواقع پر امن و امان کی شاندار روایات کو قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کا امن عزیز ہے جس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور علماء کرام کی معاونت سے خوشگوار فضاء کو قائم رکھیں گے۔اجلاس سے معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب نے بھی خطاب کرتے ہوئے علماء کرام کی امن کیلئے جاری کاوشوں کو سراہا۔مولانا محمد یوسف انور،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،پیر فیض رسول رضوی،مفتی محمد ضیاء مدنی اور دیگر علماء کرام نے کہا کہ پائیدار امن،مذہبی رواداری اور پیار و محبت کے فروغ کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام اور آئین کے مطابق پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔بشپ آف فیصل آباد ودیگر ارکان نے بھی قیام امن کے لئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔