فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) سلوت سعید نے کہا ہے کہ 1965 کی پاک بھارت جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ میں ہماری مسلح افواج کی بہادری کا ایک شاندار باب ہے جب وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشارہمارے جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔تاریخ عالم پاک فوج کی طرح بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء پاکستان کا ہم پر قرض ہے جسے پورا کرنے کے لئے پاکستان کا ہر فرد طاقت اور جذبہ رکھتا ہے کہ ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی عزت وتوقیر میں کمی نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے یہ بات یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے ڈویژنل ماڈل کالج مین کیمپس میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر عابد خان،ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ،سی پی او عثمان اکرم گوندل،ایڈیشنل کمشنرز طارق خان نیازی، مصور خان نیازی،آصف حیات،اسسٹنٹ کمشنر جنرل جلیل احمد،سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیاء ودیگرافسران،اساتذہ،طالب علم اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی شہداء وطن کے خاندان تھے۔ کمشنر نے پاک دھرتی کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ6 ستمبر 1965 ہماری دفاعی تاریخ کایادگار دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اس دن پاکستانی فوج نے نہ صرف مادر وطن کا دفاع کیا بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں۔دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن،بان اور شان ہیں،آج پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کررہی ہے۔کمشنر نے شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں اور طالب علموں کی طرف سے پیش کئے ملی نغموں وٹیبلوز کو بے حد سراہا اور کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔آرپی اونے تقریب میں شہداء کی فیملیز اور طالب علموں،پولیس وپاک آرمی کے افسران کو خوش آمدید کہا اورڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کامیاب تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اندرونی وبیرونی سازشوں کے خلاف سکیورٹی ایجنسیز اورپولیس متحرک ہے۔انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ ملک کو آگے لے جانے کا عہد کریں۔تقریب سے 1965 جنگ کے شہید سپاہی عبدالمجیدکے نواسہ طیب،سپاہی غفور شہید کے بھتیجے اسد بشیر ودیگر ورثاء نے بھی اظہارخیال کیا۔ تقریب کے دوران ڈویژنل پبلک سکول وکالج اور دیگر تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے ملی نغمے،تقاریر،ٹیبلوز پیش جبکہ ڈاکومنٹری کے ذریعے پاک فوج کی مثالی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر کمشنر اور آرپی او نے دیگر افسران کے ہمراہ شہداء کے اہل خانہ کو نشستوں پر جاکر تحائف تقسیم کئے۔قبل ازیں تقریب کے آغاز پرپولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہداء کی فیملیز کو سلامی دی اور افسران نے فیملیز کو گلدستے پیش کئے۔