فیصل آباد(حمزہ اکرم ) ڈویژنل پبلک سکول وکالج کے انتظامی وتدریسی امور میں مزید بہتری لانے کے لئے مختلف اصلاحات کی جارہی ہیں تاکہ نئی سوچ اور جدید تقاضوں کے مطابق کم اخراجات میں بامقصد ومعیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کی موثر کردار سازی کے لئے ہمہ جہت مہارتوں کو متعارف کرایا جاسکے۔ یہ بات ڈویژنل کمشنرزاہد حسین نے ڈویژنل پبلک سکول وکالج کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایم پی اے فردوس رائے،ایڈیشنل کمشنر (ریونیو)طارق نیازی،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،پرنسپلزاور ممبرز نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے بورڈ آف گورنرز کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سکولز کی ترقی وساکھ کا معیار،عمدہ تعلیمی ماحول اور درس وتدریس کی شاندار سہولتوں کے ساتھ صحت مند مقابلوں میں طالب علموں کی سبقت حاصل کرنے کے علاوہ والدین کے لئے تعلیمی اخراجات کم رکھنا ہے۔انہوں نے بورڈ آف گورنرز کے اراکین سے کہا کہ وہ ان تعلیمی اداروں کے انتظامی وتدریسی امور مزید بہتر بنانے اور طالب علموں کو جدید تعلیمی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے اقدامات کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ وسائل اور علمی تجربات میں اضافہ ممکن ہوسکے۔اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے ڈویژنل کمشنر کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا اور ان تعلیمی اداروں کی کارکردگی پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نئی اصلاحات میں اپنی تجاویز پیش کیں۔