فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) عالمی سطح پر فرنیچر کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ہمیں اس شعبہ میں اپنی تاریخی مہارت سے فائدہ اٹھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف اس شعبہ سے وابستہ افراد کو باعزت روزگار مہیا کیا جا سکے بلکہ بیرون ملک فرنیچر کی فروخت سے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے۔ یہ بات سینئرنائب صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری چوہدری طلعت محمودنے 3روزہ پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں بڑی تعداد میں فرنیچر بنانے اور استعمال کرنے والوں نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مشینی فرنیچر تیار کیا جا رہا ہے مگر اس کے باوجود ہاتھ سے تیار ہونے والے فرنیچر کی قدر میں کمی نہیں ہوئی اور آج بھی اس کو دوگنی قیمت پر خریدار جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرنیچر کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا تاکہ اندرون ملک فرنیچر کی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اس کی برآمد کو بھی بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس ایکسپو میں 50برانڈز نے اپنے فرنیچر کی نمائش کی جبکہ پچاس ہزار کے قریب لوگوں نے اس تین روزہ ایکسپو میں شرکت کی۔چوہدری طلعت محمود نے ایکسپو کے دوران لگائے جانے والے سٹالوں کا بھی معائنہ کیا اور مقامی دستکاروں کے ہنر کو سراہا۔انہوں نے چنیوٹ کے روایتی فرنیچر کو عالمی سطح پر متعارف کرانے پر زور دیا اور کہا کہ اس شعبہ سے وابستہ افراد کو ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں کھپانے کی بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔آخر میں انہوں نے اس نمائش کے منتظمین اور سٹال ہولڈروں میں سر ٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔