فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 4 غیر منظور ہاؤسنگ سکیموں کی غیرقانونی تعمیرات کو مسمارکردیا جبکہ ان کے دفاتر کو سربمہر کرکے ڈویلپرز کو نوٹس جاری کردیئے گئے کہ وہ تمام تر قانونی تقاضے پورے کریں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے چک نمبر 64ج۔ ب کی اراضی پر قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کو چیک کیاتو مون ہاؤسنگ سکیم نزد بائی پاس سدھار اورپام ولاز جبکہ چک نمبر68ج۔ ب میں دو اضافی آبادیوں کو غیر منظور شدہ پایا جن کی غیر قانونی تعمیرات کو ٹریکٹر کی مدد سے مسمار کردیاگیاتاکہ قانون کی عملداری کویقینی بنانے کیساتھ ساتھ عوام الناس کو پلاٹس کی خریداری کے حوالے سے کسی قسم کی دھوکا دہی سے بچایاجاسکے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے متنبہ کیاگیاہے کہ ایف ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کی منظوری کے بغیر ہاؤسنگ سکیموں کے قیام سے گریز کیاجائے بصورت دیگر قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔ عوام الناس کومطلع کیاگیاہے کہ وہ پلاٹس کی خرید سے قبل ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو ضرور چیک کریں اس ضمن میں ایف ڈی اے سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔