فیصل آباد( حمزہ اکرم) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئربشیراحمد نے کہا ہے کہ فیسکوکے اثاثہ جات اور تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنایاجارہا ہے۔سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کی وجہ سے فیسکو کی رہائشی کالونیاں،دفاتر،گرڈ،سٹورزمحفوظ ہیں۔وہ فیسکو ہیڈکوارٹرزمیں نصب کئے گئے جدید سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ فیسکو دفاتر،کالونی،گرڈز،سٹورپر جدیدٹیکنالوجی کے حامل کیمروں کی تنصیب سے سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے میں مددملے گی اور تمام سرگرمیوں کا ریکارڈ بھی موجود ہوگا۔اس سے چوری چکاری کے واقعات نہیں ہوسکیں گے۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سیکورٹی میجر(ر)مظفر قادر ملک نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں جدید 80سی سی ٹی وی کیمرہ جات نصب کئے گئے ہیں۔ان کی مانیٹرنگ کیلئے سٹاف کو متعین کیا گیا ہے جو ان کیمروں کی مدد سے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی تمام سرگرمیوں کو مانیٹر کرے گا اور ان کی ریکارڈنگ بھی محفوظ رکھی جائے گی۔اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن محمد سلیم،ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن نصر حیات میکن،ایڈیشنل ڈی جی ایڈمن اینڈ ایچ آراطہر ایوب بھی موجود تھے۔