فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز بھرپورکارروائیاں کی جائیں۔ بجلی چور ملک و قوم کے دشمن ہیں اور کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں یہ باتیں چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ فیسکو ریجن کے پانچوں آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے خلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے اور ان کو بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔گھر گھر چیکنگ کیلئے ٹیمیں موثر کردار ادا کریں اوردن کے اوقات کے علاوہ رات کو بھی چھاپے مارے جائیں،بجلی چوروں کی نشاندہی کریں تاکہ فیسکوسے اس ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے اور اس کی بھرپور طریقے سے پیروی بھی کی جائے تاکہ محکمانہ جرمانے کے علاوہ بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کر کے ان کو پابند سلاسل کیا جا سکے۔ انھوں نے سپرنٹنڈنگ انجنئیرز کو ہدایت کی کہ سائیٹس کی چیکنگ کے بعد نیٹ میٹرنگ کے زیرالتواء کنکشنز جلد لگائے جائیں۔انھوں نے ٹو فیز ٹرانسفارمرز کی جلد تبدیلی اور ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کے لوڈبیلنسنگ کی ہدایت بھی کی۔ انھوں نے شعبہ کنسٹرکشن کو ہدایات دیں کہ نئے گرڈز کے فیڈرز کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اورایل ٹی پروپوزلز پر کام کی رفتارکو تیز کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ مختلف فیڈرز کی آؤٹ سورسنگ پر غورشروع کردیا گیا ہے جس کیلئے ہر سرکل اپنے ایک فیڈر کا نام منتخب کر کے ہیڈکوارٹرز بھیجے گا۔ اجلاس میں جنرل منیجر (آپریشن)محمدسلیم،چیف انجینئر (آپریشن)غلام فاروق،چیف انجینئر کسٹمرسروسز راناایوب،ڈائریکٹر جنرل (ایڈمن)اطہرایوب چوہدری،ایس ای فرسٹ سرکل راناافضل،ایس ای سیکنڈ سرکل سیداحمد علی شاہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن محمد سعید اور سٹاف آفیسر عابد رشید نے شرکت کی۔