فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی طرف سے منعقدہ بیسٹ لائن مین کا ایوارڈ جیت لیا۔جس کا اعلان نیپر ا کی طرف سے "پاور ود سیفٹی "کے عنوان پر منعقدہ ویب نارمیں کیا گیا۔ویب نار میں چئیرمین نیپر ا توصیف ایچ فاروقی نے فیسکوسٹی سب ڈویژن کے لائن مین سیکنڈ محمد شبیر کو بیسٹ لائن مین کا ایوارڈ دیااورفیسکو کی طرف سے سیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کو سراہا۔نیپرا سے لائسنس یافتہ پاکستان بھر کی ڈسکوز سمیت 177کمپنیوں میں سے 13کمپنیوں نے بیسٹ لائن مین کا ایوارڈاپنے نام کیا جس میں فیسکو سرفہرست رہی۔ڈسکوز میں فیسکو کے علاوہ لیسکو، میپکواور پیسکو نے بھی ایوارڈ جیت لیا۔ ویب نار میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چئیرمین محمد نعیم، نیپرا ہیلتھ سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ کمیٹی کے کنسلٹنٹ سہیل احمد، پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (PPMC)کے جی ایم صغیراحمد، ڈائریکٹر ایچ ایس سی اینڈ کیو اے طفیل احمد شیخ بھی موجود تھے۔مقررین نے پاکستان کی بجلی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں ہیلتھ سیفٹی اور انوائرمنٹ کی اہمیت اور اس کے فروغ کو بیان کیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے پاکستان بھر کی نیپرا سے لائسنس یافتہ کمپنیوں کو سیفٹی کلچر کے فروغ اورسیفٹی کوڈ پر عمل درآمد کا ہدف دیا تھا جس میں ہر ڈسکو نے بھرپور حصہ اور کمپنی میں سیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات کئے۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد کی خصوصی ہدایت پر سیفٹی ڈائریکٹوریٹ فیسکو نے ڈپٹی ڈائریکٹر سیفٹی سعید رضا کی زیر نگرانی 50نمبروں پر مشتمل پروفارمہ تیار کیا اورفیسکو کے پانچوں آپریشن سرکلز سمیت جی ایس سی، جی ایس او، کنسٹرکشن اور ایم اینڈ ٹی کے لائن سٹاف کی کارکردگی کو تین ماہ کے دورانیہ کیلئے جانچا گیا۔ فیسکو نے کمپنی کی سطح پر سات لائن مینوں کو بیسٹ لائن مین قرار دیاہے جن کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور پانچ ہزار روپے نقد انعام دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔