فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد کی خصوصی ہدایات پر فیسکو ریجن میں سیفٹی سیمینارز اور ٹی اینڈ پی پریڈکا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن فرسٹ سرکل محمد سعید کی زیرصدارت چک جھمرہ ڈویژن میں سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ایس ای محمد سعید نے کہا کہ بلا شبہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانا فیسکو کی اولین ترجیح ہے لیکن دوران کام اپنے قیمتی ترین اثاثہ لائن سٹاف کی قیمتی جان کا تحفظ بھی نہایت ضروری ہے اور اس سلسلے میں فیسکو انتظامیہ تمام تر درکار وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ ورکرز کی سیفٹی پر بہت زیادہ توجہ دی جارہی ہے ان کو مختلف تربیتی اور سیفٹی کورسز کے علاوہ جدیدسیفٹی آلات کے استعمال کی عملی تربیت بھی کروائی جارہی ہے تاکہ سٹاف کی سیفٹی کے ساتھ ساتھ صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات کاازالہ بھی کم وقت اور انتہائی سرعت کے ساتھ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام سپروائزری سٹاف شٹ ڈاؤنز اور مینٹی نینس کے کام کے دوران سائیٹ پر موجود رہیں اور اپنی نگرانی میں کام مکمل کرائیں کیونکہ یہ ان ایڈمنسٹریشن کا کلیدی حصہ ہے اور اس ذمہ داری پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔اس موقع پر ٹیکنیکل آفیسر فرسٹ سرکل ملک نعیم جاوید،ایکسئین چک جھمرہ ڈویژن فیصل شفیع رانا اور دیگر نے سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائنوں پر کام کے دوران تما م تر حفاظتی اقدامات، ٹی اینڈ پی کے استعمال سمیت سیفٹی کے تمام تر اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ نامناسب ٹی اینڈ پی اور سیفٹی قوانین کی پابندی نہ کرنے والے سٹاف کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ہر ماہ سیفٹی کوڈ کو نظر انداز کرنے والے سٹاف کو سزائیں اور جرمانے کئے جارہے ہیں۔کام کے دوران اپنے اختیارات سے تجاوز ہرگز نہ کریں اور اپنے انچارج کی ہدایات پر کام کو سرانجام دیں۔ سیفٹی سیمینار میں چک جھمرہ ڈویژن کی تمام سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز،لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔