فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے عید الفطر پر فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان میں ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کی طرف سے مٹھائی اورتحائف تقسیم کئے۔اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد عمرمقبول،جنرل سیکرٹری ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کاشف فاروق،میڈیکل سوشل آفیسر آسیہ فقیر حسین،مینجر عاصمہ مزمل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ عیدکے لمحات گزارے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے کہاکہ عید اجتماعی خوشیوں کا دن ہے اور معاشرے کی دکھی انسانیت کی دلجوئی کرکے عید کی حقیقی خوشیاں حاصل کی جاسکتی ہیں لہذامسرت اور شادمانی کے اس موقع پر ایسے طبقات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر دکھ، تکلیف اور کرب میں مبتلا مریضوں کو یاد رکھنا ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے اسی لئے خوشیاں تقسیم کرکے ان کی پریشانی کی کیفیت کو کم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے عید کے موقع پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز،نرسز ودیگر سٹاف کو بھی عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کمی باقی نہیں رہنی چاہیے۔ انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال کیلئے وسائل کابندوبست کرنے کے سلسلے میں ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کی جاری کاوشوں کوسراہا۔جنرل سیکرٹری ہارٹ سیور فاؤنڈیشن نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں دکھی انسانیت کو نہیں بھلایا جا سکتا اور عید پر ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت سے نہ صرف روحانی تسکین بلکہ مریضوں میں بھی بیماری سے مقابلے کرنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔