فیصل آباد(حمزہ اکرم)ٹینیور ٹریک اساتذہ جی سی یونیورسٹی کا پہلا سالانہ اجتماع منعقد ہواجس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال تھے جبکہ یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور،پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین،پروفیسر ڈاکٹر فرحت جبیں، پروفیسر ڈاکٹر عاصم محمود، رجسٹرار ڈاکٹر نعیم اقبال،ٹریرار ندیم مشتاق،ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر عبدالرؤف بھٹی،ڈائریکٹر QEC ڈاکٹر خالد ضیاء،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مظہر حیات اور ڈائریکٹر نظامت امور طلبہ ڈاکٹر ندیم سہیل نے شرکت کی۔تقریب میں نظامت کے فرائض ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ اردو ڈاکٹر طارق ہاشمی نے انجام دیئے۔صدر شعبہ فزیالوجی ڈاکٹر حسیب انوار نے جامعہ کے لئے ٹی ٹی ایس اساتذہ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جامعہ کی علمی پہچان میں ٹی ٹی ایس فیکلٹی کی خدمات قابل ذکر اور نمایاں ہیں۔تحقیقی مقالات سے لے کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریسرچ پراجیکٹس تک اساتذہ کااہم کردارہے جو تدریس اور تحقیق ہردو شعبے میں اپنا کام تسلسل اور توازن کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے ٹی ٹی ایس اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ پیش پیش رہے گی۔اساتذہ کی ترقی،میڈیکل سہولتوں اور دیگر مسائل کے حل کے سلسلے میں ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا۔تقریب میں تمام ٹی ٹی ایس اساتذہ نے شرکت کی۔تقریب سے قبل ٹی ٹی ایس اساتذہ کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہواجس میں ڈاکٹر صابر حسین نے ایگزیکٹو کونسل کی گزشتہ برس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور ٹی ٹی ایس اساتذہ کے مسائل کے حل کے سلسلے میں کاوشوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ نیز آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔اجلاس سے ڈاکٹر تنویر شہزاد، ڈاکٹر رضوان رشید نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔جنرل باڈی کے اجلاس میں آئندہ انتخابات کا اعلان بھی کیا گیا۔