فیصل آباد( نمائندہ ایف ٹی وی ) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران156 اتائیوں کے اڈے سر بمہر کردیے۔تفصیلات کے مطابق شکایات موصول ہونے پرپی ایچ سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد ثاقب عزیزکی فوری ہدایات پرخصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی جنہوں نے 332 مراکزپر چھاپے مارے اور151اتائیوں کے کاروبار سیل کر دیے۔ دوسری جانب176مراکز پر مستند معالجین نے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔ کمیشن کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران لیبارٹریوں، دندان سازوں،میڈیکل سٹوروں اورعام اتائیوں جو جنرل فزیشنزبنے بیٹھے تھے پر چھاپے مارے۔ علاوہ ازیں ان حکیموں اور ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کی علاج گاہیں بھی سربمہر کی گئیں جہاں پر ایلوپیتھک طریقہ سے علاج کیا جارہاتھا۔دوسری جانب ضلعی ہیلتھ اتھارٹی نے 13مراکز پر چھاپے مار کر پانچ اتائیوں کے اڈے بند کیے ہیں۔ واضح رہے کہ کمیشن نے فیصل آبادڈویژن میں اب تک 7,850 اتائیوں کے کاروبار سربمہر کر دیے ہیں۔