فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی ہدایات پر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دو غیر منظورشدہ ہاؤسنگ سکیموں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیاجبکہ نان کمرشل روڈ پر بلامنظوری دکانات تعمیرکرنے کی پاداش میں علامہ اقبال کالونی کے 25پلاٹس کو سربمہر کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیاتو جڑانوالہ روڈ تا شیخوپورہ روڈ بائی پاس پر ہاؤسنگ سکیم کنال ایونیو اور آک لینڈ سٹی کو بلامنظوری پایا جن کے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں کے اجراء سے قبل تمام ترقانونی اور محکمانہ تقاضے پورے کریں بصورت دیگر قانون شکنی کی صورت میں ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ دریں اثناء ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے نان کمرشل روڈ پر غیر قانونی طور پر دکانات تعمیر کرکے کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی پاداش میں علامہ اقبال کالونی کے مختلف بلاکس میں 25 پلاٹس کو سربمہر کردیاجن میں اے بلاک کے پلاٹ نمبر40،48۔اور 235،بی بلاک کا پلاٹ نمبر2،ای بلاک کے پلاٹ نمبر209،210،211،212،223،224۔اور 225،سی بلاک نمبر261،468،469،470،471،ڈی بلاک کے پلاٹ نمبر1،2،3،12،18،380،379۔اور ایف بلاک کا پلاٹ نمبر25شامل ہے۔ان پلاٹس کے مالکان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کئے گئے لیکن وہ محکمانہ احکامات و متعلقہ قوانین کی تعمیل میں ناکام رہے جس پر پلاٹس کو سربمہر کردیاگیا۔