فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدامات کے تحت تل کی منافع بخش کاشت کے فروغ کے لئے رجسٹرڈ کسانوں کو بذریعہ واؤچر 2 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی کی فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے۔ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ کاشتکار سبسڈی کے حصول کے لئے سکریچ کارڈ نمبرکے بعد سپیس اور شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر بھیجیں۔انہوں نے بتایا کہ 500 روپے فصل کی کاشت اور باقی 1500 روپے برداشت کے وقت ادا کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ کاشتکار رجسٹریشن کے لئے مقامی محکمہ زراعت(توسیع)کے دفتر سے رابطہ کریں۔انہوں نے کہا کہ تل کی منافع بخش کاشت سے نہ صرف کاشتکار خوشحال ہونگے بلکہ خوردنی تیل کی درآمد پر اخراجات میں کمی سے کثیر زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔