فیصل آباد(حمزہ اکرم)مینجنگ ڈائریکٹر واسا ابوبکر عمران نے کہا ہے کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے اپنے صارفین کو بلنگ سسٹم سے متعلق اپ ڈیٹ رکھا ہوا ہے اور بلنگ سسٹم میں صارفین کو سہولیات کی فراہمی ایک بہترین اقدام ہے۔واسا فیصل آباد کا بلنگ سسٹم اپنانے کے لئے واسا گوجرانوالہ اور ملتان کے افسران جلد فیصل آباد کا دورہ کریں گے تاکہ اس سسٹم کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لے سکیں۔پنجاب کے پانچوں واساز کی آن لائن میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت صوبائی وزارت ہاؤسنگ کے آئی ٹی ایکسپرٹ محمد عثمان نے کی جبکہ فیصل آباد سے مینجنگ ڈائریکٹر،ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر عدنان نثار،ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈائریکٹر ریونیو عمر افتخار، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی فرحان علی نے شرکت کی۔صوبائی وزارت ہاؤسنگ نے فیصل آباد واسا کے بلنگ سسٹم کو بہترین قرار دیتے ہوئے سراہااور ملتان اور گوجرانوالہ کے واساز کو یہ بلنگ سسٹم اپنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی نے بلنگ سسٹم کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی جس میں صارفین کے لئے ماہانہ بلز کی ڈلیوری،بلز کی قسط کرنے سمیت دیگر فراہم کردہ سہولیات شامل تھیں۔