فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے میڈیکل سٹوروں اور ان کوالیفائیڈ افراد کی طرف سے چلائے جانے والے میڈیکل کلینکس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے 40کیسز میں قصورواروں کا موقف سنتے ہوئے مستند جواز پیش نہ کرنے پر 20کیسز کو ڈرگ کورٹ ریفر کرنے،4 کو وارننگ دینے کے علاوہ 14کیسز کو موخر اوردو کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈروبینہ اختر،ممبران کمیٹی اور ڈرگ انسپکٹرز موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ضلع میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناؤنے دھندے کی مکمل انداز میں روک تھام کے لئے ڈرگ انسپکٹرز اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔انہوں نے کہا کہ علاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا جعلی ڈاکٹروں ونیم حکیموں کے خلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ معاشرے سے اس منفی فعل کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ سیل لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کرنے والوں کے سٹورز فوری سیل کرنے کے علاوہ مقدمات درج کرائے جائیں جبکہ زائد المعیاد،جعلی وغیر معیاری ادویات فروخت،ادویات کی حفاظت کیلئے ضروری انتظامات نہ کرنے اورخرید وفروخت کاریکارڈ نہ رکھنے سمیت قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل سٹورز/ کلینکس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔