فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) آئین پاکستان کے مطابق سب پاکستانی برابر کے شہری ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر مکمل یقین رکھتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کی خدمت کے لئے یکساں کردار ادا کررہے ہیں۔یہ بات ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے مینارٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر صدر ویسٹ ریجن پنجاب اقلیتی ونگ حبقوق گل،رومانہ بشیر،عاطف جمیل ایڈووکیٹ،سردار کلیان سنگھ،ڈاکٹر صابر مائیکل،شہزاد فرانسز،عاریہ اندریاس،سمیرا شفیق ودیگر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ اقلیتی برادری ملکی تعمیر وترقی میں دیگر ہم وطنوں کے شانہ بشانہ یکساں کردار ادا کررہی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کے مسائل کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور سرکاری ملازمتوں میں ان کے مختص کردہ کوٹہ پر عملدرآمد بھی کرایاجارہاہے۔انہوں نے اقلیتی برادری کی طرف سے نشاندہی کئے گے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔اقلیتی برادری کے سرکردہ رہنماؤں نے بعض مسائل کی نشاندہی اور ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے معاونت پر شکریہ ادا کیا۔