فیصل آباد(محمد حمزہ)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سرکاری ہسپتالوں کی نرسوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ضلعی پولیس کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ڈی سی آفس میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے الائیڈ ہسپتال،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال،گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد،غلام محمد آباد،حسیب شہید کالونی،فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹس کو گلدستے پیش کرکے ان کی شعبہ صحت میں گرانقدر خدمات کو سلام پیش کیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر غلام مصطفی جٹ،انچارج کنٹرول روم ڈی سی آفس محمد صادق،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار نرسوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ سٹاف نے ہمیشہ خصوصا کورونا میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کی اعلی مثال قائم کی جن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نرسنگ کے شعبے کی توقیر اور ان کی ترقی کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھا رہی ہے اورانسانی جان جیسی قیمتی شے کی حفاظت پر مامور نرسوں کے لئے سہولیات اور احساس تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو میڈم نرگس ودیگر نرسز نے کہا کہ گارڈ آف آنرزجیسا اعزاز ملنا باعث اعزاز ہے جس پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے مشکور ہیں۔