فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی ) ضلعی انتظامیہ اور پاک آرمی کے اشتراک سے کورونا ایس اوپیزاور ایمرجنسی سروسز کے حوالے سے مختلف محکموں واداروں کی وہیکلز نے ضلع کونسل چوک سے چوک گھنٹہ گھرتک کارواں کے ذریعے شہریوں کوکورونا ایس اوپیزسمیت ٹریفک وہیلتھ رولز سے آگاہی کا پیغام دیا۔ کارواں میں پاک آرمی کے دستوں،ریسکیو1122،ٹریفک پولیس سکوارڈ،موٹر بائیکس ڈولفن فورس،فائربریگیڈ،سول ڈیفنس وہیکلز اور ایدھی ایمبولینس سروس نے حصہ لیا۔اس موقع پر ضلع کونسل چوک سے گھنٹہ گھر تک کارواں کے مارچ پاسٹ کے راستے پر بوائزسکاؤٹس،مدارس کے طالب علم،سول ڈیفنس کے رضا کار،1122 کا سٹاف،پیرامیڈیکس اور ٹریفک وارڈنز نے عوامی آگاہی کے لئے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پرکورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اورایمرجنسی سروسز کے اداروں سے تعاون کی تحریریں درج تھیں جبکہ شرکاء کی طرف سے بھی کورونا ایس اوپیز پر مکمل انداز میں عملدرآمد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد نے کارواں کی قیادت کی جبکہ میجر حسن،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،انچارج ضلعی کنٹرول روم محمد صادق،محمداختر بٹ اور دیگرمحکموں کے افسران بھی موجودتھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز نے کہا کہ تمام اداروں کے مشترکہ کارواں کا مقصد عوام الناس کو کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا پیغام اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے خلاف جنگ میں ضلعی انتظامیہ ودیگر معاون محکموں کا ساتھ دیں جبکہ شاہرات پر دوران سفر قانون کی پاسداری،پریشر ہارن کے استعمال سے اجتناب،ایمبولینس کو راستہ دینے سمیت دیگر اقدار کی پاسداری کرکے اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر تمام محکمے وادارے عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں اور مشترکہ کاوشوں سے کورونا وائرس کی موجودہ لہر کا بھی مقابلہ کرکے اس شکست دیں گے۔