فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) پروین شاکر لیڈیز کلب اور ناموربیوٹیشن یاسمین ندیم کے اشتراک سے پروین شاکر کمپلیکس میں ہیئر سٹائل وسکن کیئر کے حوالے سے مختلف سرکاری ونجی اداروں کی خواتین کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں صنعت زار،نشیمن،عذرا مقصود بیوٹی پارلر ویگر اداروں کی 80 خواتین نے شرکت کی۔اس موقع پر ماسٹر ٹرینر خواتین نے بالوں کی حفاظت،بالوں کے مختلف سٹائلز،چہرے وسکن کی دیکھ بھال کے مختلف طریقوں سے عملی طور پر آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیعہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔سپروائزر پروین شاکر کمپلیکس میڈم نائلہ،سپرنٹنڈنٹ اولڈ ایج ہوم کنیز فاطمہ، سوشل ویلفیئر آفیسر منیبہ کاشف،میڈم ثمینہ،خدیجہ ودیگر بھی شریک تھیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے ورکشاپ میں خواتین میں تعریفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروین شاکر لیڈیز کلب خواتین کومختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم ہے جہاں خواتین کے لئے ایک چھت تلے سہولیات فراہم ہیں۔انہوں نے ہیئر سٹائل اور سکن کیئر کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ میں خواتین کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور بتایا کہ پروین شاکر لیڈیز کلب میں ہر ہفتہ ایونٹس منعقد کرائے جائیں گے۔یاسیمین ندیم نے ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئندہ بھی معاونت جاری رکھی جائے گی۔