فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈویژنل کمشنر زاہد حسین،چیئرمین پی ایچ اے میاں وارث عزیز،ڈی جی پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ، رہنما پاکستان تحریک انصاف میاں آزاد کاسترو،میاں نبیل ارشد،فادر روبن،ڈائریکٹر ہارٹیکلچر عبداللہ نثار چیمہ،کرسچین برادری کے سرکردہ رہنما اور بچے بھی تقریب میں شریک تھے۔ڈویژنل کمشنر،چیئرمین اور ڈی جی نے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا اور تقریب میں شریک بچوں میں گفٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ڈویژنل کمشنر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کیک کٹنگ تقریب کے شاندار انعقاد کو سراہا اور کہا کہ مہذب قومیں خوشیوں کے تہوار مل جل کر مناتی ہیں جن کی بدولت قومی رشتے اور حب الوطنی کے جذبات مضبوط ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی قوم ہماری خوشیاں،مسائل اور ترقی کے مواقع یکساں ہیں یہی وجہ ہے کہ اقلیتوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر پاکستان کی بقاء وسا لمیت،امن وخوشحالی اور قومی یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔چیئرمین پی ایچ اے نے کہا کہ ہم سب پاکستانی امن وسلامتی کے پیغام کو فروغ دیتے ہوئے پیارومحبت سے زندگیاں بسر اور ملک کی ترقی،خوشحالی اور نیک نامی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات میں دیگر محکموں واداروں کے ساتھ ساتھ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی بھی شریک ہے جس کا مقصد کرسچین کمیونٹی کے مذہبی تہوار میں شریک ہوکر یکجہتی کا پیغام اجاگر کرنا ہے۔فادر روبن نے تقریب کے انعقاد پر پی ایچ اے کا شکریہ اداکیا.