فیصل آباد کی مجموعی آبادی میں 10 فیصد فرق کو پورا کرنے کیلئے نادرا کوششیں کر رہا ہے۔ ڈی جی نادرا

عوامی مسائل

فیصل آباد کی مجموعی آبادی میں مردوں اور خواتین کی رجسٹریشن میں دس فیصد کے واضح فرق کو پورا کرنے کیلئے نادرا سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ یہ بات نادرا کے ڈائریکٹر جنرل نوید جان صاحبزادہ نے آج فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں خواتین کی رجسٹریشن کی اہمیت کے بارے میں ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں خواتین کی شرح 52فیصد جبکہ مردوں کی شرح 48فیصد ہے مگر اِس کے برعکس خواتین کی رجسٹریشن کی شرح 45فیصد جبکہ مردوں کی رجسٹریشن 55فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تفاوت کی وجہ سے معاشرے کی متوازی ترقی کی راہ میں روکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے خواتین حکومت کی طرف سے مہیا کی جانے والی بہت سی سہولتوں سے بھی محروم ہیں اس لئے خاص طور پر خواتین کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ خواتین کی رجسٹریشن کو یقینی بنا کے اُن کو قومی معاشی ترقی کے دھارے کا متحرک اور فعال حصہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کی رجسٹریشن کیلئے نادرا نے موبائل رجسٹریشن وین بھی مختص کر دی ہے جوشہری علاقوں کے علاوہ دور دراز کے پسماندہ علاقوں میں جا کے خواتین کو شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت مہیا کرے گی۔ انہوں نے صدر عاطف منیر شیخ کی درخواست پر فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں نادرا کی طرف سے ای سہولت سنٹر اور نادرا کاخصوصی رجسٹریشن سنٹر قائم کرنے کا بھی یقین دلایا اور بتایا کہ اس کے ذریعے بائیو میٹرک سمیت وفاقی اور صوبائی محکموں سے متعلقہ 16-17سہولتیں فوری طور پر حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے نادرا سے متعلق بزنس کمیونٹی کے مسائل کو فوری کرانے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ اس سلسلہ میں نادرا کے زونل ہیڈ سرفراز احمد اُن سے براہ راست رابطہ میں رہیں گے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے خواتین کو معاشی ترقی کا اہم ترین حصہ قرار دیا اور کہا کہ ملک کی 52فیصد آبادی کو ترقی کے دھارے سے الگ تھلگ رکھ کے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا یہی وجہ ہے کہ حکومت خواتین کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بھی خصوصی مراعات دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اُن کی کوشش ہوگی کہ آئندہ ایک سال کے دوران فیصل آباد کی سو فیصد خواتین کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں تسلسل کے ساتھ آگاہی سیشن منعقد کئے جائیں گے۔ اس تقریب سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون باصل اکرم، پنجاب اسمبلی کی رکن محترمہ فردوس رائے اور معروف سوشل ورکر محترمہ امینہ زمان نے بھی شرکت کی۔ آخر میں صدر عاطف منیر شیخ نے آگاہی سیشن کے بہترین انتظامات کرنے پر زونل ہیڈ سرفراز احمد کی کوششوں کو سراہا اور نادرا کے ڈائریکٹر جنرل نوید جان صاحبزادہ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے