فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی )ڈویژنل کمشنر ثاقب منان اور رکن صوبائی اسمبلی فردوس رائے نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال مدینہ ٹاؤن میں قائم کورونا ویکسیشن سنٹر کا دورہ کرکے شہریوں کو ویکسین لگانے کے عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز ممتاز شیخ ودیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔کمشنر اورایم پی اے نے سنٹر میں ویکسینیشن کرانے کے لئے موجود افراد کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اورڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کو تیز رفتار سروسز فراہم کرنے کی تاکید کی۔ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ سٹی ایریا میں یہ بڑا سنٹر ہر لحاظ سے فنکشنل ہے لہذا شہری سنٹرآکر ویکسینیشن کرائیں۔انہوں نے بتایاکہ ضلع کے 19 سنٹرزپر روزانہ تقریبا12 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے جس کی تعداد بڑھانے اور شہریوں کو ویکسین لازمی لگوانے کے لئے تمام ترتشہیری ذرائع بھی بروئے کارلائے جارہے ہیں۔انہوں نے سنٹر میں فراہم کی جانے والی یوٹیلٹی سروسز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ سنٹرز صبح 8 سے رات 8 بجے تک فنکشنل ہیں۔انہوں نے ڈیوٹی سٹاف سے کہا کہ سنٹر آنیوالے بزرگ افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے ویٹنگ ایریا میں موجود افرادکیلئے پنکھوں اورپینے کے پانی کی فراہمی کو بھی چیک کیا۔ایم پی اے نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے سنٹر میں بہترین انتظامات پرڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔