فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ذہنی کمزوری کا شکار بچوں کے والدین اور اس شعبہ میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے رضا کار دراصل اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے کوشاں ہیں جس کا اجر انھیں دونوں جہانوں میں ملے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے ”ذوالنورین“ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتما م ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ذہنی کمزوری کا شکار بچوں کے علاوہ اُن کے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنی والدہ کے حوالے سے کہا کہ صدیوں پرانی روایات کو چھوڑنے کی وجہ سے نئی بیماریاں اور نئے مسائل جنم لے رہے ہیں جن پر قابو پانے کیلئے بزرگوں کے وسیع تجربہ سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمولات زندگی اور خوراک میں معمولی تبدیلی سے ہم نہ صرف خود اپنے آپ کو بلکہ اپنے بچوں کو بھی مختلف بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے ذہنی طور پر کمزور بچوں کی نگہداشت کا فریضہ سر انجام دینے پر”ذوالنورین“ تنظیم کی عہدیداروں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ دراصل معاشرے کی زبردست خدمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے اُن کی نشاندہی پر معذور افراد کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے آڈیٹوریم کے پلیٹ فارم پر چڑھنے کیلئے سیڑھیوں کے ساتھ ریمپ تعمیر کرانے کا بھی وعدہ کیا۔ آخر میں انہوں نے اس تقریب کے منتظمین اور شرکاء میں شیلڈیں بھی تقسیم کیں جبکہ”ذوالنورین“ ویلفیئر سوسائٹی کی چیئر پرسن محترمہ قراۃ العین نے صدر چیمبر عاطف منیر شیخ کو بھی اپنی تنظیم کی خصوصی شیلڈ پیش کی۔