فیصل آباد ( حمزہ اکرم) پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کی صلاحیتوں سے بھر پور فائد ہ اٹھانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں اس شعبہ کو مزید متحرک اور فعال بنانے کیلئے تھائی لینڈ پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ یہ بات پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر چکیرڈ کراچیا وانگ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ سے ایک ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات قابل تقلید ہیں جن میں کرونا کے بعد مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کو ٹیکنیکل سپورٹ دے گا۔ انہوں نے خاص طور پر آٹو پارٹس، حلا ل اور ہر بل کاسمیٹک اور حلال فوڈ کی پیکنگ کے شعبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں دونوں ملکوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی پاکستان اکنامک کانفرنس کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس کے ذریعے کرونا کے بعد معاشی سرگرمیوں میں متوقع اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تھائی لینڈ کی کامرس منسٹری کے عہدیداروں کے ساتھ خود بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے تاکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے اکنامک کانفرنس کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ فیصل آباد ملک کی ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں 45فیصد کا گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے جبکہ تھائی لینڈ کیلئے بھی ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کے سرمایہ کاروں کو فیصل آباد کی ایم تھری اور علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے یا مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے فیصل آباد میں سرمایہ کاری کرنے والے تھائی صنعتکاروں کو ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر بہت جلد تھائی لینڈ کیلئے ایک تجارتی وفد بھی تشکیل دے گا جس میں مختلف سیکٹر کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس ملاقا ت میں اکنامک کانفرنس کمیٹی کے چیئرمین محمد اظہر چوہدری اور ڈیلی گیشن بارے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر عاصم منیر بھی موجود تھے۔