فیصل آباد ( حمزہ اکرم ) صنعتی، تجارتی اور کاروباری اداروں میں نوجوان اور تعلیم یافتہ افرادی قوت کو شامل کر کے اِن کی افادیت کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے اور اس سلسلہ میں معیاری تعلیمی اداروں کی طرف سے جاب فیئر کے انعقاد سے جہاں نوجوانوں کو روزگار کے نئے اور چیلنجنگ مواقع ملیں گے وہاں اِن اداروں کو بھی مستقبل کے منصوبوں کیلئے تعلیم یافتہ افرادی قوت دستیاب ہو سکے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے آج دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے کینال روڈ انجینئرنگ کیمپس میں جاب فیئر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً ساڑھے چار لاکھ سے زائد گریجویٹس فارغ التحصیل ہوتے ہیں جن میں سے 25سے 30ہزار کا تعلق کمپیوٹر سائنس کے شعبہ سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان تعلیم یافتہ طلبہ کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کے ہم پاکستان کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ فیصل آباد میں نجی شعبہ کی واحد مادر علمی ہے جس کا فوکس انجینئرنگ اور میڈیکل کے پیداواری شعبوں سے ہے۔ انہوں نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کی فیکلٹی کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ وہ نوجوان طلبہ میں انٹر پرینوئرشپ کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے بھی کوشاں ہیں تاکہ وہ صرف نوکریوں کے پیچھے ہی نہ بھاگیں بلکہ وہ خود اپنا کاروبار شروع کر کے دوسرے نوجوانوں کو بھی نوکریاں دے سکیں۔ انہوں نے جاب فیئر میں سٹال لگانے والی کمپنیوں کی سوچ کو بھی سراہا جو اپنے کاروبار کو نوجوانوں کے ذریعے نئی جہت پر ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان رابطوں سے صنعت و تجارت کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کی جا سکتی ہے اور ہمیں ان رابطوں کو مزید مضبوط و مستحکم کرنا ہوگا۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا بھی مختصر تعارف پیش کیا اور بتایاکہ مختلف اداروں کے فارغ التحصیل طلبہ کو انٹرن شپ کی سہولت مہیا کرنے کے سلسلہ میں اس ادارے نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے جہاں نوجوانوں کو عملی تربیت ملتی ہے وہاں اداروں کو اپنی ضرورت کے مطابق مطلوبہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت کے انتخاب میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمن کی اعلیٰ تعلیمی،تحقیقی اور انتظامی صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں اس یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کی پلیسمنٹ کے سلسلہ میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب سے ڈاکٹر خلیق الرحمن نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ یہ مادر علمی نوجوان نسل کی پیداواری صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس سے قبل صدر فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری عاطف منیر شیخ نے ربن کاٹ کے جاب فیئر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمن کے ہمراہ مختلف سٹالوں کا بھی دورہ کیا اور آخر میں سٹال لگانے والوں میں شیلڈیں بھی تقسیم کیں۔