فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے ملاقات کی۔وزیر اعلی پنجاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاتفریق صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت اور تیزرفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر ترقیاتی منصوبوں سمیت فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کا صوبہ بھر میں جال بچھایا جارہا ہے۔جنوری سے نئے پاکستان صحت کارڈ کے تاریخ ساز فلاحی منصوبے کاآغاز کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن میں صحت کارڈ پہلے ہی دیا جا چکا ہے بقیہ 7ڈویژن میں نیا پاکستان صحت کارڈ کے اجراء سے صحت کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پہلی بار خطیر رقم مختص کی گئی ہے، 8مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ وہ فلاحی منصوبہ ہے جس کے بارے میں ماضی کی حکومتوں نے سوچا تک نہیں۔انہوں نے کہا کہ 31مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس نیا پاکستان صحت کارڈہوگااس کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی اور پنجاب کے 3 کروڑ خاندان اور ساڑھے 11 کروڑ عوام اس کارڈ سے مستفید ہوں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ کااجراء نئے پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم ہے اور یہ اس وعدے کی تکمیل ہے جو وزیراعظم عمران خان نے قوم سے کیا۔صحت کی سہولتو ں کو بہتر بنانے پر ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ دی ہے۔ماضی میں شعبہ صحت کو نظر انداز کیا گیا۔سابق حکومت میں شعبہ صحت کا بجٹ 169۔ ارب روپے تھا جبکہ ہماری حکومت نے صحت کے بجٹ کو بڑھا کر 399۔ارب روپے کر دیا ہے۔وائس چیئرمین واساشیخ شاہد جاوید نے ضلع فیصل آباد کے فراہمی و نکاسی آب کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا اورمزید فنڈز کی فراہمی کے لئے بھی درخواست کی جس پر وزیر اعلی نے انہیں یقین دلایا کہ فیصل آباد کو ترقیاتی لحاظ سے مثالی بنانے کے لئے میگا پراجیکٹس کی تعمیر پائپ لائن میں ہے جن کی تکمیل سے فیصل آباد کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے گا۔انہوں نے نیا پاکستان صحت کارڈ کو انقلابی اقدام قرار دیا۔