جعلی و غیر معیاری ادویات کی فروخت کے خلاف ایکشن کا آغاز

جرائم عوامی مسائل

فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلع میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناؤنے دھندے کی مکمل انداز میں روک تھام کے لئے بھرپور ایکشن لیا جائے۔اس ضمن میں ڈرگ انسپکٹرز اپنی ذمہ داریوں کوکماحقہ ادا کریں۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رندنے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں ڈرگ انسپکٹرز کی میڈیکل سٹورز/کلینکس کے خلاف کارروائی کی رپورٹس کاجائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹربلال احمد، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ روبینہ اختر،ممبرز کمیٹی کیپٹن ڈاکٹر محمد صدیق،غلام صابر اورڈرگ انسپکٹرز بھی شریک تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نے کہا کہ علاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا جعلی ڈاکٹروں ونیم حکیموں کے خلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ معاشرے سے اس منفی فعل کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ سیل لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کرنے والوں کے سٹورز فوری سیل کرنے کے علاوہ مقدمات درج کرائے جائیں جبکہ زائد المعیاد،جعلی وغیر معیاری ادویات فروخت،ادویات کی حفاظت کیلئے ضروری انتظامات نہ کرنے اورخرید وفروخت کاریکارڈ نہ رکھنے سمیت قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل سٹورز/کلینکس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اجلاس کے دوران میڈیکل سٹوروں اور ان کوالیفائیڈ افراد کی طرف سے چلائے جانے والے میڈیکل کلینکس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے 45کیسز میں قصورواروں کا موقف سنتے ہوئے مستند جواز پیش نہ کرنے پر 10کیسز کو ڈرگ کورٹ ریفر کرنے،11کووارننگ دینے کے علاوہ ایک کے خلاف مقدمہ درج اور23کیسز کو موخر کردیاگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے