فیصل آباد(حمزہ اکرم)فیصل آباد میں ہفتہ صفائی کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت شہرکے مختلف علاقوں کی سیوریج وڈرینج لائنوں کی بھرپور صفائی کی جائے گی،اس حوالے سے رکن پنجاب اسمبلی شکیل شاہد اور ایم ڈی واسا جبار انور نے مختلف علاقوں اسلام نگر،اقبال اسٹیڈیم، ریاض شاہد چوک کا دورہ کیا اور سیوریج لائنوں اور ڈرینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کی جامع اور بھرپور مہم شروع کرائی۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی شکیل شاہد نے کہا کہ واسا فیصل آباد نے ڈی سلٹنگ کی بھرپور مہم شروع کرکے احسن اقدام کیا ہے جس سے آئندہ بارشی موسم سے قبل ہی سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی صفائی مکمل ہو جائے گی اور شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل سے نجات ملے گی۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا جبار انور نے واضح کیا کہ واسا محدود وسائل میں شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے اور آج سے شروع ہونے والا ہفتہ صفائی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل تو جاری رہتا ہے لیکن آج سے شروع ہونے والے ہفتہ صفائی کے دوران جامع اور منظم طریقے سے سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی صفائی کی جائے گی جس سے آئندہ بارشی موسم کے دوران نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر عدنان نثار،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرینج شاہد گل و دیگر بھی موجود تھے۔