فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ایجنسی آف فرنچ ڈویلپمنٹ کے تین رکنی وفد نے واسا فیصل آباد کا دورہ کیا اور محکمہ واسا کے زیر انتظام فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وفد میں انوائرمنٹل اینڈ سوشل ایکسپرٹ مسز اگیتھی ڈنز،ڈیرل اور پراجیکٹ مینجر احسن پراچہ شامل تھے۔اے ایف ڈی کے وفد کا واسا فیصل آباد پہنچنے پر مینجنگ ڈائریکٹر جبار انور نے استقبال کیا اور بعد ازاں وفد کو فرنچ واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ فیز 2 کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ فرانسیسی ڈویلپمنٹ ایجنسی کے لون سے 16 ارب روپے سے زائدکے منصوبے کی بدولت شہر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فرنچ پراجیکٹ فیز 2 کا پراسیس تیزی سے جاری ہیاور پراجیکٹ کے حوالے سے انوائرمنٹ امپیکٹ کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے جبکہ نومبر کے پہلے ہفتے میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) مکمل آپریشنل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پراجیکٹ کے لئے اکیاسی فیصد فنڈنگ اے ایف ڈی جبکہ 19 فیصد فنڈنگ پنجاب حکومت کرے گی- فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو کے لئے 73 ایکڑ سرکاری اراضی جبکہ 17 ایکڑ نجی اراضی حاصل کی جائے گی جس کا پراسیس جاری ہے۔اے ایف ڈی کے تین رکنی وفد نے واسا فیصل آباد کی فرنچ پراجیکٹ فیز 2 کے لئے اب تک کی جانے والی پیش رفت کو سراہا.