فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی) لائلپور ویرائرز کے زیر اہتمام سینٹرل پارک واپڈا سٹی میں سرپرائز ڈے پرتقریب منعقد ہوئی۔میجر جنرل(ر)نصر اللہ طاہرڈوگر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ چیئرمین لائلپور ویرائرز میجر تاثیراکرم،میجر جاوید، پاک آرمی و فضائیہ کے حاضر سروس افسران،چوہدری حنیف جٹ، صدر کسان اتحادچوہدری عبدالرؤف تتلہ اورمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔بھارتی طیارے گرانے کے دو برس مکمل ہونے پر سرپرائز ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل(ر)نے کہا کہ 27 فروری 2019ء پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرات کی نئی تاریخ رقم کی۔ 2جنگی طیارے تباہ کر کے بزدل دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارت کے2 جنگی طیاروں کو گرا کر مودی سرکار کو منہ توڑجواب دیا۔پاک وطن کے بہادر سپوتوں نے 27 فروری 2019ء کو بھارت کو رسوائی اورشرمندگی کاعبرتناک سبق دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کے جہاز گرا کر پورے بھارت میں صف ماتم بچھا دی۔انہوں نے تقریب کے انعقاد کو سراہا۔میجر (ر) تاثیراکرم نے کہا کہ جنگی طیارے تباہ کرکے پاکستان نے دشمن کو سرپرائز دیا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فضائیہ کے پائلٹوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کر نیوالے پاکستان ائیر فورس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ میجر جاوید نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج کی صلاحیت، بہادری، جرأت اور شجاعت پر ناز ہے۔اس موقع پر پاک فضائیہ کی طرف سے سٹال بھی لگایا گیا جس میں شہریوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔