فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر ظفر عباس خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے صحت کے شعبہ میں جدید ومنظم طبی ثمرات کے فوائد عام مریضوں تک پہنچائے جارہے ہیں تاہم غریب اور مستحق افراد کی بہترانداز میں حاجت روائی اور سروسز میں وسعت کے لئے ہارٹ سیور فاؤنڈیشن اورڈونرز کی قابل قدر معاونت قابل تحسین اقدام ہے۔انہوں نے یہ بات ہار سیور فاؤنڈیشن کی طرف سے لاکھوں روپے مالیت کے بڑی تعداد میں انجکشنز وادویات کا عطیہ وصول کرتے ہوئے کہی۔میڈیکل سوشل آفیسر آسیہ فقیر حسین،صدرپیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کاشف فاروق،مینجر میڈم عاصمہ مزمل اور مخیر حضرات بھی موجود تھے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ غریب اور مستحق مریضوں کے لئے ادویات ودیگر طبی وسائل کابندوبست کرنا احسن اقدام ہے جس میں حصہ لینے والوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے ادویات،انجکشنز ودیگر سازو سامان کی فراہمی پر مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔میڈیکل سوشل آفیسر نے کہا کہ خدمت خلق کا جذبہ ایک فلاحی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل یا فتہ افراد نے طبی مشینری اورہسپتال کو درکار ضروریات کی فراہمی میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے جو کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے علاوہ مثالی اقدام ہے۔صدر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے کہا کہ مریضوں کے مسائل اور ان کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنا ترجیح ہے اور کارخیر کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اس موقع پر مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔