فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)ضلع میں مختلف محکموں واداروں کی طرف سے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر اب تک ریکارڈ46262 عوامی شکایات نمٹادی گئی ہیں جبکہ 1243 نئی موصولہ درخواستوں پرتیز رفتار محکمانہ کارروائی جاری ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی کو ایک اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں پاکستان سیٹیزن پورٹل پر موصولہ عوامی شکایات کے حل کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔مختلف ضلعی محکموں کے افسران اور فوکل پرسنز بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر موصولہ عوامی شکایات کے حل پر درخواست گزاروں کی طرف سے ردعمل بھی لیا جاتا ہے اور اداروں کی کارکردگی کا تسلی بخش تناسب 44.3فیصد سے ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ان کے محکمے سے متعلقہ عوامی شکایات کے بلاتاخیر ازالہ کے ساتھ فون کرکے متعلقہ شکایت کنندہ کا فیڈبیک بھی لیا جائے اور وہ محکمانہ کارروائی سے مطمئن ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ موصولہ شکایات کے حل کے سلسلے میں کارکردگی کی جانچ کے لئے اجلاس ہر ہفتہ باقاعدگی سے منعقد کیا جارہا ہے لہذا تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک اورغفلت ولاپروائی سے گریز کریں۔