فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چار غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے دفاترسیل، غیر قانونی تعمیرات ڈھانچوں کو مسمار اور کمرشلائزیشن فیس کی عدم ادائیگی پر آٹھ کوارٹرز کو سربمہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران سمندری روڈ پر منظور ی کے بغیر قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں دسوہہ گرین، بسم اللہ پور اضافی آبادی، اضافی آبادی جہانگیر اور امین پور روڈ پر افضل ویلی کے دفاتر کو سربمہر اور غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا جبکہ علامہ اقبال کالونی میں کمرشلائزیشن فیس ادا نہ کرنے پر کوارٹرنمبر187-A،189-A،195-A، 15-G،17G، 2-F، 545-L اور 205-Aکو سربمہر کردیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیاگیاہے کہ ہاؤسنگ سکیموں کے اجراء سے قبل تمام ترقانونی و محکمانہ تقاضوں کو پورا کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی سے گریز نہیں کیاجائیگااور سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں قصور داروں کو بھاری جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں پلاٹوں کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنیوالوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ محکمانہ منظوری کے بغیر پلاٹس کو کمرشل نہ بنائیں اس سلسلے میں بلڈنگز لاز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیاجائیگا۔شہریوں کو آگاہ کیاگیاہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹ خرید نے کے قبل ان کی قانونی حیثیت اوردیگر ریکارڈ کو ضرور چیک کرلیں تاکہ ان کی جمع پونجی ضائع نہ ہو۔