فیصل آباد(حمزہ اکرم)پنجاب حکومت کی ہدایات پر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے”صاف پنجاب مہم 2022 ”بھرپور انداز میں جاری ہے۔شہر کے ایسٹ اور ویسٹ زون میں مانیٹرنگ افسران،آگاہی ونگ، سینٹری ورکر،ہیوی مشینری اور دیگر گاڑیاں خصوصی صفائی آپریشن کیلئے متحرک ہیں۔صفائی کے بہترین انتظامات کے لیے افسران مسلسل فیلڈ کے سرپرائزوزٹ بھی کر رہے ہیں۔گزشتہ 4 روز کے دوران شہر بھر سے مجموعی طور پر 5000ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ ڈمپ سائیٹ تک منتقل کیا گیا ہے جبکہ 50 سے زائد ملبے کے ڈمپر بھی اٹھائے جا چکے ہیں۔اس بارے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلال فیروز جوئیہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور خصوصی صفائی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے حتی المقدور کوشش جاری ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی اولین ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام حکومتی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ خصوصی صفائی مہم چار ماہ کے عرصہ تک جاری رہے گی جس میں کوڑا کرکٹ کے بھرے پلاٹوں کو خصوصی طور پر فوکس کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پسماندہ یونین کونسلوں میں صفائی کے نظام میں مزید بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔مہم کے دوران صفائی آپریشن میں کمپنی کے قریبا” 3500 ورکرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ 200 گاڑیوں پر مشتمل آپریشن فلیٹ فیلڈ میں متحرک ہے۔سی ای او بلال فیروز جوئیہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے بھی بھرپور انداز میں مہم چلائی جارہی ہے۔تعلیمی اداروں میں طلباء کیلئے لیکچرز کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ گلی گلی،محلہ محلہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں صفائی کا پیغام عام کررہی ہیں۔شہری بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کیلئے ایف ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 یا سوشل میڈیا کے زریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔