فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنزفیصل آبادمیں شرپسندوں کے حملوں سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اوران کے بلند حوصلے کو سراہا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادرسپوتوں نے جس تحمل کا مظاہر ہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔پولیس کے افسروں اورجوانوں نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی۔قوم کو آپ پر فخر ہے، جنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے بہادر اور جری جوان اپنے فرائض محنت اور پروفیشنل عزم سے سر انجام دے رہے ہیں۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پولیس لائنز اورکمشنر آفس فیصل آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوئے جن میں امن وامان کی صورتحال اور9مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیاگیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام شرپسندوں کو جتنی جلدی ہوسکے قانون کی گرفت میں لایا جائے اور شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔تمام کیسز کی پروفیشنل اورقانونی لحاظ سے موثر تفتیش کی جائے تاکہ کوئی بھی شرپسند بچ نہ پائے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کے سہولت کاروں اورماسٹر مائنڈکو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ متعدد شرپسند پکڑے جاچکے ہیں،مزید کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،کسی کو معافی نہیں ملے گی۔صوبائی وزراء عامر میر،ڈاکٹرجاویداکرم،صوبائی مشیر وہاب ریاض،انسپکٹر جنرل پولیس،کمشنرفیصل ڈویژن سلوت سعید اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔