فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں یوم دفاعِ پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پاک فوج کے شہداء کے لیے دعائیہ تقریب اور مادرِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی کی قیادت رجسٹرار یونیورسٹی ڈاکٹر ہدائت رسول اور پرنسپل گورنمنٹ کمیونٹی کالج ڈاکٹر نعیم اقبال نے کی ان کے ہمراہ کنٹرولر امتحانات راجہ شاہد جاوید، ڈائریکٹر انڈر گریجویٹ ڈاکٹر غلام مرتضی، نظامت امور طلباء کے انچارج ڈاکٹر ندیم سہیل، آفیسر تعلقات عامہ ذیشان احمد خان، چئیرمین اسٹیٹ کئیر ڈاکٹر ندیم صابر، چیف سکیورٹی افسران کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے آج کے دن کی مناسبت سے جاری پیغام میں کہا کہ ستمبر 1965 کے دن افواج پاکستان کے جانثار شہداء کی لازوال قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔پاک فضائیہ کے عظیم شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔تقریب میں 6 ستمبر کی فتح مبین کی یاد تازہ کرنے کے حوالے سے ملی نغمے اور ترانے پیش کیے گئے جن میں پاک فوج سے بے لوث محبت کا اظہار اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یونیورسٹی سکیورٹی کے چوک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔