فیصل آباد( حمزہ اکرم )الخدمت فاؤنڈیشن بڑے پیمانے پر رفاحی اور فلاحی منصوبے چلا رہی ہے تاہم ملک بھر میں 19ہزار سے زائد بچوں کو رہائش، تعلیم، خوراک اور صحت کی سہولتیں مہیا کرنا اِس کا منفرد اعزاز ہے۔ یہ با ت فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے دکھی انسانیت کی خدمت کے علاوہ قدرتی آفات کے متاثرین کیلئے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ انہوں نے الخدمت کے منصوبوں میں شفافیت کو بھی خاص طور پر سراہا اور کہا کہ عطیات سے چلنے والے اِن اداروں پر لوگوں کو بھر پور اعتماد ہے یہی وجہ ہے کہ وہ دل کھول کر اور پورے اطمینان سے الخدمت کو عطیات دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے 19ہزار یتیم بچوں کی کفالت بذات خود ایک بہت بڑا کام ہے جبکہ اِن میں سے ایک ہزار بچے صرف فیصل آباد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود لائنز کلب کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے منصوبے چلا رہے ہیں۔ تاہم وہ اِن بچوں کی بہبود کیلئے بھی بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ عطیات دینے کی ترغیب دیں گے۔ اس موقع پر بچوں نے رنگا رنگ پروگرام اور ٹیبلو پیش کئے جبکہ اِن کے درمیان ڈرائنگ کا مقابلہ بھی ہوا۔ صدر عاطف منیر شیخ نے اِن بچوں میں انعامات تقسیم کرنے کے علاوہ اپنی جیب سے بچوں میں ایک لاکھ روپے کی عیدی بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں، چوہدری طلعت محمود اور میاں عبدالوحید بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی الخدمت کے پلیٹ فارم سے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو سراہا۔