فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تحصیل سمندری کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے رجانہ روڈ پر سپورٹس کمپلیکس کا معائنہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر بریفنگ لی۔اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر ودیگر افسران بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کرکے طبی وانتظامی امور چیک کئے۔وہ مختلف وارڈز میں گئے اور زیرعلاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے بعض شعبوں میں جاکر مشینری کی ورکنگ حالت،صفائی کی صورتحال چیک کی۔ڈپٹی کمشنر نے ادویات کے سٹور کا معائنہ کرکے ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ بھی چیک کیا۔انہوں نے کہاکہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلا تعطل پہنچنے چاہیں۔انہوں نے ہسپتال کے احاطہ میں کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت پودا بھی لگایا جبکہ مقامی این جی او کے اشتراک سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا افتتاح کیااوراین جی او کی فلاحی سروسز کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر نے سمندری میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے سب کیمپس کی سائٹ کا بھی دورہ کیا جبکہ شہر خموشاں پراجیکٹ کے مقام پر جا کر بریفنگ لی۔انہوں نے سمندری ساہیوال روڈ کا بھی معائنہ کیا اور اس کی تعمیراتی پیشرفت کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈسنٹر کا دورہ کرکے درخواست گزاروں کو فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد بھی چیک کیا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں میٹنگ کرکے ریونیو اورڈویلپمنٹ پر بریفنگ لی اور حکومتی ٹارگٹس کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے عوامی مسائل بھی سنے اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے اوپن ڈور پالیسی پرعملدرآمد کاحکم دیا اور کہا کہ تحصیل دفاتر سے رجوع کرنے والے درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کریں۔