فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے سپورٹس کمپلیکس سمن آباد میں قائم کورونا ویکسینیشن سنٹر کا دورہ کیااور بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عطاء المعنم اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر میں 60سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے اوراس ضمن میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں بزرگ شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگائے گی اورڈویژنل وضلعی افسران خصوصی سینٹرز کا وزٹ کرکے سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے سنٹر میں کاؤنٹرز پر بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کے عمل سمیت ریکارڈ بھی چیک کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کورونا سے بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔کورونا پر قابو پانے کیلئے عوام کا بھرپور تعاون ناگزیرہے۔ ماسک، سماجی فاصلہ اور احتیاط کورونا سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے۔بے احتیاطی اورایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث کورونا کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ سب سے زیادہ مقدم ہے۔عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا.