فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پرہر ماہ کے پہلے ورکنگ ڈے پر ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت کچہری لگانے کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں ڈی سی آفس کے احاطہ میں چھٹی کچہری لگائی گئی۔ ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے محکمہ مال سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے میرٹ پر درخواستیں نمٹائیں اور سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل/ریونیو خرم پرویز، اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری،محکمہ مال کے افسران،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سٹی وصدر، تحصیلدار،نائب تحصیلدار اور پٹواری بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سنتے ہوئے واضح کیا کہ لوگوں کے مسائل سے روگردانی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بعض شہریوں کے ریونیو سے متعلقہ امور میں رکاوٹ پر دو پٹواریوں کو وارننگ اور فی الفور مسئلہ حل کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی اورتحصیل سطح پر ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت لوگوں کے مسائل موقع پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مال عوامی خدمت میں پیش پیش ہے اور ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد سے نہ صرف لوگوں کے مسائل حل ہورہے ہیں بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایک چھت تلے لوگوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل سن کر ان کا ازالہ کیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کچہری کے دوران شہریوں نے درستگی ریکارڈ، فرد کے اجراء، انتقالات کے اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفیکیٹ، ڈومیسائل کے اجراء سمیت محکمہ مال سے متعلقہ مسائل وشکایات پیش کیں جن کے تیز رفتار حل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ مال کے افسران، اراضی ریکارڈ سنٹر کے سٹاف کو بھی کچہری میں حاضری یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔شہری ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے متعلقہ تحصیل آفس سے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو رجوع کرسکتے ہیں۔ریونیو عوامی خدمت کچہری میں تحصیل سٹی وصدرمیں مجموعی طور پر84درخواست گزاروں نے مسائل کی نشاندہی کی جن میں سے 72درخواستوں کو موقع پر نمٹادیا گیا جبکہ بقیہ درخواستوں پر تین دن میں کارروائی مکمل کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف سائلین سے کھلی کچہریوں کی افادیت اور ان کے مسائل کے حل میں پیشرفت بھی دریافت کی اور لوگوں سے کہا کہ ریونیو سے متعلقہ ان کے مسائل کا حل ترجیح ہے۔انہوں نے بعض سائلین کی درخواستوں پر اسسٹنٹ کمشنرز کو تیز رفتار اقدامات کرنے کی تاکید کی۔تحصیل جڑانوالہ، سمندری، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت عوامی مسائل سنے اور ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ڈی سی آفس سے بذریعہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اسسٹنٹ کمشنرز کی ریونیو عوامی خدمت کچہری میں موجودگی اور عوام کے مسائل کے حل کی پیشرفت کو مانیٹر بھی کیا۔