فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ محکمے ڈینگی لاروا کے انسداد کے لئے کمربستہ ہوجائیں اور سرویلنس سرگرمیوں کو موثر اور نتیجہ خیز بنائیں تاکہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کو افزائش کا موقع نہ ملے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈینگی لاروا کی تلفی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم پرویز،اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپراکے علاوہ تعلیم،صحت،فشریز، سوشل ویلفیئر،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ودیگر محکموں واداروں کے افسران بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خلاف مہم پورے جذبے کے ساتھ جاری رہنی چاہیے اس سلسلے میں محکمانہ کوششیں ماند نہیں پڑنی چاہیں تاکہ ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھا سکے۔انہوں نے متعلقہ تمام محکموں سے کہا کہ وہ ڈینگی کی پیدائش وافزائش کے ذرائع کا سراغ لگا کر ان کا صفایا یقینی بنائیں اور اینڈرائڈ موبائل فونز کو فنکشنل رکھتے ہوئے روزانہ کی کارکردگی اپ لوڈ ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرکے ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آگاہی کے لئے منظم انسداد ڈینگی تحریک کے موثر نتائج حاصل کئے جائیں تاکہ ہر فرد تک ڈینگی لاروا کی تلفی اوراس سے بچاؤکا احساس برقرار رہے۔اس ضمن میں اہم پبلک مقامات پر معلوماتی بینرز بھی آویزاں کئے جائیں۔انہوں نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں گذشتہ سال کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس سیزن میں بھی ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے تمام محکمے ٹیم ورک کے تحت کام کریں۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر برائے انسداد ڈینگی نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اب تک 20 مقامات سے ڈینگی لاروا رپورٹ ہوا جس کی ویکٹر سرویلنس کی گئی۔