فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں 532 پلاٹس کی نیلامی کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں تاکہ خواہشمند شہری سہولت کیساتھ نیلام عام میں شرکت کرسکیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے میں سہیل خواجہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ایف ڈی اے سٹی کی تعمیر و ترقی اور دستیاب پلاٹس کی نیلامی کیلئے ضروری تقاضوں پر عملد رآمد کاجائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز، چیف انجینئر شاہد محمود، ڈائریکٹرز اعظم ملک، سہیل مقصود پنوں، مہر ایوب گجر،حسن ظہیر، اسماء محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ من یاسر اعجاز چٹھہ ودیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایاگیاکہ ایف ڈی اے سٹی میں تاحال 13ہزار گھروں کی گنجائش موجود ہے جبکہ ایف ڈی اے کے ملکیتی پلاٹس کو نیلام عام کے ذریعے فروخت کرکے فنڈز کا بندوبست کیا جارہاہے تاکہ اس بڑی ہاؤسنگ سکیم کے بقایاترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیاجاسکے۔ اجلاس کے دوران بتایاگیا کہ ایف ڈی اے سٹی میں تین اور چارمارچ کو نیلام عام کیلئے پیش کئے جانیوالے پلاٹس میں 61کمرشل، ایک کنال کے 262،دس مرلہ کے 196اورپانچ مرلہ کے تیرہ رہائشی پلاٹس شامل ہیں جن کے متعلق ضروری معلومات کو مشتہرکردیاگیاہے۔ ڈائر یکٹر جنرل ایف ڈی ا ے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نیلامی کے تمام تر دفتری و انتظامی امور کو مکمل طور پر شفاف رکھاجائے اس ضمن میں بولی دھندگان کو انتظامی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔