فیصل آباد(حمزہ اکرم)ایف ڈی اے کے آٹھ ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کے ملازمین کی اگلے گریڈ میں ترقی کیلئے کیسز پر غور وخوض کیاگیا۔ اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجا ب کے نمائندہ ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ رفیق سرویا، ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل رضوان نذیر، چیف انجینئر مہر ایوب گجر، ڈائریکٹرایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ، خاتون نمائندہ آرکیٹیکٹ پی ایچ اے بازلہ منظور نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ترقی کے اہل ملازمین کی کارکردگی اوردیگر متعلقہ کوائف کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے آٹھ ملازمین کو فور ی طور پر اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی جن میں مختلف شعبوں کے سینئر کلرکس سیف اللہ، محمد لطیف، غلام شبیر، محمدارشد خان، جاوید اختر چوہان، عبد الستار اور محمد عدنان شامل ہیں جنہیں بنیادی سکیل 14سے گریڈ 16میں بطور آفس اسسٹنٹ ترقی دی گئی ہے جبکہ بنیادی سکیل 15کے سٹینوگرافر انیب اسلم کو بطو ر سٹینوگرافر گریڈ 16میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ترقی پانے والے ملازمین کو مبارکباد دی اور کہاکہ سٹاف کی ترقی کے امور کو ترجیحی بنیاد وں پر نمٹانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل ملازمین کو انکا حق فراہم کرنے میں تاخیر نہیں ہوگی۔ انہوں نے سٹاف سے کہاکہ وہ دیانت،محنت اور تندہی سے اپنے سرکاری فرائض سرانجام دیں ان کے مسائل حل کرنے میں کوئی کس اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔